ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی شرائط واضح کر دیں
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگ اسی وقت ختم ہوگی جب ایران میدانِ جنگ میں اپنی شرائط کے مطابق برتری حاصل کر کے اپنے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنا لے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران کی حکمت عملی یہی ہے کہ مستقبل میں مذاکرات بھی اسی وقت ہوں گے جب ملک کو میدانِ جنگ میں مؤثر برتری حاصل ہوگی۔دوسری جانب امریکہ کا مؤقف ہے کہ وہ مسئلے کا سفارتی حل چاہتا ہے، تاہم اپنی قومی سلامتی اور اتحادیوں کے دفاع کے لیے ضروری کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکہ ایک دوسرے کے فوجی اہداف پر حملے کر چکے ہیں، جس کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ اور متعدد ممالک دونوں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، جنگ بندی اور مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔