کراچی ( کامرس ڈیسک)پاکستان میں صنعتی شعبے کا عالمی ایونٹ “23ویں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر ایشیا 2026” کراچی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔نمائش میں چین سمیت مختلف ممالک کے صنعتی وفود اور سرمایہ کاروں نے بھرپور شرکت کی، جسے عالمی صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے۔یہ ایونٹ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں، صنعتی تعاون اور عالمی سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔نمائش کے دوران چینی آئی بی آئی گروپ نے پاکستان کی مختلف اہم صنعتی و تجارتی تنظیموں کے ساتھ متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے۔ایونٹ میں پی زیڈ اے اور گلگت بلتستان پویلینز کو بین الاقوامی وفود اور سرمایہ کاروں کی جانب سے خصوصی توجہ حاصل رہی۔اس موقع پر سولر انرجی، انجینئرنگ، آئل اینڈ گیس، پلاسٹک، کیمیکل اور معدنیات کے شعبوں سے متعلق جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی مصنوعات پیش کی گئیں۔نمائش کے دوران بی ٹو بی ملاقاتوں، جدید ای کامرس ماڈلز اور صنعتی نیٹ ورکنگ سرگرمیوں نے مقامی اور عالمی کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔آئی ٹی آئی ایف ایشیا 2026 کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
کراچی میں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر ایشیا 2026 کامیابی سے اختتام پذیر
1 دن قبل