بھارتی ویمنز ٹیم نے محسن نقوی سے ایشیا کپ ٹرافی لینے سے انکار کردیا
دبئی( سپورٹس ڈیسک) بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے گریز کیا۔محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ فائنل کے مہمانِ خصوصی تھے، تاہم بھارتی کھلاڑیوں نے ان سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارتی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے بھی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس کے باعث تقسیمِ انعامات کی تقریب تنازع کا شکار ہوگئی تھی۔دوسری جانب بھارتی خواتین ٹیم نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ویمنز ایشیا کپ کا اعزاز حاصل کرلیا۔بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 183 رنز بنائے اور سری لنکا کو 184 رنز کا ہدف دیا، تاہم سری لنکن ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 111 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپتھو نے 36 اور نیلکشیکا سلوا نے 22 رنز بنائے، جبکہ دیگر بلے باز بھارتی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکیں۔