جشن آزادی: بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں عروج پرپہنچ گئیں
کوئٹہ( سپورٹس ڈیسک) ماہ اگست شروع ہوتے ہی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جشن آزادی کی تقریبات اور کھیلوں کی سرگرمیاں زور پکڑ گئی ہیں، شہریوں میں حب الوطنی کا جذبہ نمایاں ہے۔کوئٹہ میں جشن آزادی کے سلسلے میں آزادی ایتھلیٹس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ موسیٰ اسٹیڈیم میں 7 اگست سے جاری مقابلوں کا فائنل 9 اگست کو کھیلا گیا۔دوسری جانب کوئٹہ کی باکسر عابدہ بتول نے اپنے پہلے بین الاقوامی مقابلے میں سری لنکن حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ ان کی کامیابی نے بلوچستان سمیت ملک بھر کی خواتین کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔عابدہ بتول نے کہا کہ کامیابی کے لیے ایک واضح مقصد پر توجہ مرکوز رکھنا ضروری ہے، خواتین کو اپنے ساتھ ملک اور بلوچستان کا نام روشن کرنے کے لیے بھی کھیلوں میں آگے بڑھنا چاہیے۔جشن آزادی کے موقع پر ہونے والی کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں سے نوجوانوں میں قومی جذبہ اجاگر ہونے کے ساتھ انہیں صحت مند اور مثبت مشاغل کی جانب راغب کرنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔