اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاک-چین صنعتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) اور تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔اے پی پی رپورٹ کے مطابق ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے دوران کامیاب میچ میکنگ سیشنز کے بعد پاکستانی اور چینی کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں معاہدے طے کیے۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی موجود تھے، جن کی موجودگی میں اہم ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق کانفرنس میں چین کی 74 کمپنیوں کے 105 نمائندوں اور پاکستان کی 136 کمپنیوں کے 242 نمائندوں نے شرکت کی۔ گھریلو برقی آلات کے شعبے میں 15 ایم او یوز طے پائے، جبکہ الیکٹریکل سیکٹر میں 10 بڑے معاہدے کیے گئے، جن میں ایک معاہدہ 60 ملین ڈالر مالیت کا تھا۔اسی طرح بیٹری اسٹوریج کے شعبے میں 27 معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط ہوئے، جہاں مجموعی سرمایہ کاری 82 ملین ڈالر تک ریکارڈ کی گئی۔ مزید 40 ایم او یوز پر مذاکرات جاری ہیں، جس سے مستقبل میں مزید صنعتی تعاون کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کی سمت گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے لیے ترقی اور خوشحالی کا اہم ذریعہ ہے اور یہ معاہدے صنعتی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
پاک-چین صنعتی و تجارتی تعاون میں اضافہ، متعدد ایم او یوز اور سرمایہ کاری معاہدے طے
2 گھنٹے قبل