کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان حکومت نے خواتین انٹرپرینورز کے لیے صوبے کی پہلی مصنوعی ذہانت (اے آئی) لیب کا افتتاح کر دیا ہے۔یہ لیب خواتین کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خواتین کی ترقی، تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ابتدائی مرحلے میں 20 خواتین کی تربیت شروع کر دی گئی ہے، جنہیں مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، بزنس انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق تربیت کا معیار عالمی سطح کے مطابق ہوگا اور کامیاب ہونے والی خواتین کو سرٹیفکیٹس کے ساتھ ساتھ کاروبار شروع کرنے کے لیے معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے کو مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع تک توسیع دینے کا بھی منصوبہ ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ معاشرے میں باوقار اور مضبوط کردار ادا کر سکیں۔
بلوچستان میں خواتین کے لیے پہلی اے آئی لیب کا افتتاح، معاشی خودمختاری کی جانب اہم قدم
9 گھنٹے قبل