حوثیوں کا دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

حوثیوں کا دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

Jul 23, 2026|ویب ڈیسک

صنعا( مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کی حوثی جماعت انصاراللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے۔انصاراللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نشانہ بنائے گئے ٹینکرز نے گروپ کی جانب سے اعلان کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔دوسری جانب سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحیرہ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت کے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم عملے کے تمام افراد محفوظ رہے۔اس سے قبل برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے بھی اطلاع دی تھی کہ سعودی ساحل الشقیق سے تقریباً 70 ناٹیکل میل دور ایک جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ٹینکر کے کپتان کے مطابق آگ میزائل لگنے کے باعث بھڑکی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ چند روز قبل انصاراللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام یمن پر عائد محاصرے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ گروپ کے ترجمان کے مطابق صنعا ایئرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے اور اس کا جواب بھی اسی نوعیت کے اقدامات سے دیا جائے گا۔