پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے، علاقائی امن و ثالثی پر تبادلہ خیال

1 دن قبل
پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے، علاقائی امن و ثالثی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد( اباسین خبر)تہران میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور ثالثی کی کوششوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات ایرانی صدارتی محل میں ہوئی جو تقریباً 90 منٹ جاری رہی، جبکہ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے مجموعی طور پر صدارتی محل میں تقریباً تین گھنٹے گزارے۔ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون اور خطے میں امن کے امکانات پر غور کیا گیا۔ایرانی صدر نے گفتگو کے دوران کہا کہ مسلم ممالک اگر اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں تو بیرونی طاقتوں کی مداخلت اور جارحیت کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک بالخصوص ہمسایہ ریاستیں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ کسی بھی بیرونی دباؤ کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔اس سے قبل محسن نقوی نے ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ اسپیکر نے مختلف شعبوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور حالیہ صورتحال میں پاکستان کے مؤقف کو سراہا۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل سے متعلق بعض شرائط بھی زیر بحث ہیں، جن میں جوہری پروگرام اور منجمد اثاثوں سے متعلق معاملات شامل ہیں۔