حمزہ نذر پر 2 سال پابندی، 10 لاکھ روپے جرمانہ

حمزہ نذر پر 2 سال پابندی، 10 لاکھ روپے جرمانہ

Aug 8, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر دو سال کے لیے تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر پابندی عائد کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی کر دیا ہے۔پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر کے خلاف کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی۔ انکوائری ان کی ویزا درخواست کے دوران فراہم کی گئی معلومات سے متعلق تھی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ حمزہ نذر نے درخواست میں مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، گمراہ کن معلومات دیں اور اہم حقائق چھپائے۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جبکہ کرکٹر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا کہ غلط بیانی، حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے کے معاملات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔ بورڈ کے مطابق کسی فرد کو پاکستان کرکٹ، پی سی بی اور شائقین کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔