غیرقانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
اسلام آباد( اباسین خبر)وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کے لیے 10 جولائی تک کی مہلت دیتے ہوئے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جس کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں متوقع ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق 10 جولائی 2026 کے بعد ایسے افغان شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو بغیر قانونی دستاویزات یا مؤثر ویزے کے پاکستان میں مقیم ہوں گے۔وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، انسپکٹر جنرلز پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کو غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں اور گرفتاریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ کو ارسال کرنا لازمی ہوگا، جبکہ اس مہم کو حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیا گیا ہے۔