پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ گئے

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ گئے

Sep 14, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامر س ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 4 روز میں ڈیزل فی لیٹر 20 روپے جبکہ پیٹرول 24 روپے مہنگا کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر کے دوران بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ ہوا تھا۔انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل کرنے کے حکومتی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ 8 سے 17 اگست تک ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ قیمتوں میں روزانہ ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ملک شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانی پر ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی تھی۔ اگر حکومت نے طے پانے والے معاہدوں پر عمل نہ کیا تو ملک بھر میں دوبارہ ہڑتال کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتوں نے مسائل حل کرنے کے لیے 40 دن کی مہلت مانگی تھی، جس کی مدت آئندہ ہفتے ختم ہورہی ہے۔