گلوبل سپر لیگ کا شیڈول جاری، لاہور قلندرز 23 جولائی سے میدان میں اترے گی

2 گھنٹے قبل
گلوبل سپر لیگ کا شیڈول جاری، لاہور قلندرز 23 جولائی سے میدان میں اترے گی

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والی گلوبل سپر لیگ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ 23 جولائی سے یکم اگست تک گیانا میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں پاکستان کی لاہور قلندرز سمیت پانچ ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں آسٹریلیا کی پرتھ اسکارچرز، متحدہ عرب امارات کی ڈیزرٹ وائپرز، اور امریکا کی سان فرانسسکو یونیکورنز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کی ٹیم گیانا ایمیزون واریئرز بھی ٹورنامنٹ کا حصہ ہوگی۔لاہور قلندرز اپنا پہلا میچ 23 جولائی کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف کھیلے گی جبکہ 24 جولائی کو اس کا مقابلہ ڈیزرٹ وائپرز سے ہوگا۔ 26 جولائی کو لاہور قلندرز کا سامنا گیانا ایمیزون واریئرز سے ہوگا اور 29 جولائی کو ٹیم سان فرانسسکو یونیکورنز کے خلاف میدان میں اترے گی۔ٹورنامنٹ کے قواعد کے مطابق پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن کی ٹیمیں 31 جولائی کو کوالیفائر میچ کھیلیں گی۔ ایونٹ کا فائنل یکم اگست کو کھیلا جائے گا۔