عالمی منڈی میں خام تیل پھر مہنگا ہوگیا

عالمی منڈی میں خام تیل پھر مہنگا ہوگیا

Jun 29, 2026|ویب ڈیسک

 تہران( کامرس ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جوابی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز سے بحری آمد و رفت متاثر ہونے کے خدشات کے پیشِ نظر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے معاہدوں کی قیمت میں 58 سینٹس، یعنی 0.8 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 72.57 ڈالر تک پہنچ گئی۔اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 88 سینٹس، یعنی 1.3 فیصد اضافے کے ساتھ 70.11 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر 10.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جو مسلسل تیسرے ہفتے کی گراوٹ تھی۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اس سے قبل آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کی ترسیل میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں کے آغاز کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ تاہم حالیہ کشیدگی اور جوابی حملوں کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔