نیشنل چیمپئنز کپ، شائقین کیلئے داخلہ مفت ہوگا
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول نیشنل چیمپئنز کپ کے تمام میچز میں شائقین کے لیے مفت داخلے کا اعلان کردیا۔پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کے 7 میچز ڈے نائٹ ہوں گے اور ہر مقابلہ دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ٹورنامنٹ سنگل لیگ راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست 2 ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔پاکستان گولڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی، پاکستان گرینز کی کپتانی شاداب خان، پاکستان وائٹس کی قیادت صائم ایوب اور پاکستان بلوز کی کپتانی صاحبزادہ فرحان کریں گے۔پی سی بی نے ایونٹ کے لیے 44 رکنی اسکواڈز کے ساتھ 13 ریزرو کھلاڑی بھی نامزد کیے ہیں۔نیشنل چیمپئنز کپ 2026-27 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز بھی ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کو 2027 کے عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔