گوادر( اباسین خبر)نامعلوم مسلح افراد نے گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد سمیت چار افراد کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں اعلیٰ تعلیمی عہدیدار گوادر سے کوئٹہ ایک اجلاس میں شرکت کے لیے سرکاری گاڑی میں روانہ ہوئے تھے، تاہم راستے میں وہ لاپتہ ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ مستونگ اور قلات کے درمیانی علاقے میں پیش آیا۔ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے رابطہ برقرار ہے۔ ان کے مطابق اطلاعات ہیں کہ دونوں افسران کا مستونگ کے قریب پہنچنے کے بعد رابطہ منقطع ہوا۔انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں فوری سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ مغوی افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد پیش رفت کی امید ہے۔
گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر سمیت 4 افراد اغوا، سرچ آپریشن جاری
2 گھنٹے قبل