سابق باکسر پریچارڈ کولون 33 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)سابق پورٹو ریکن باکسر پریچارڈ کولون 33 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ انہیں 2015 میں باکسنگ مقابلے کے دوران دماغ میں شدید چوٹ لگی تھی، جس کے بعد ہنگامی طور پر ان کی سرجری کی گئی۔پریچارڈ کولون اکتوبر 2015 تک باکسنگ کی دنیا کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں شمار ہوتے تھے، تاہم امریکی باکسر ٹیرل ولیمز کے خلاف مقابلے کے بعد وہ طویل عرصے تک بے ہوشی کی حالت میں رہے۔کوما سے بیدار ہونے کے بعد ان کے اعصابی نقصان کی سنگینی سامنے آئی اور زندگی کے باقی عرصے میں انہیں 24 گھنٹے نگہداشت کی ضرورت رہی۔ان کے والد رچرڈ کولون نے گزشتہ رات فیس بک پر بیٹے کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اب پریچارڈ ایک بہتر دنیا میں ہیں۔پریچارڈ کولون فلوریڈا میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہ رہے تھے، جہاں ان کا انتقال ہوا۔ٹیرل ولیمز کے خلاف مقابلے سے قبل پریچارڈ کولون کا باکسنگ ریکارڈ ناقابلِ شکست تھا۔ انہوں نے 16 مقابلوں میں حصہ لیا اور 13 ناک آؤٹ سمیت تمام 16 فائٹس میں کامیابی حاصل کی۔