دفتر خارجہ کی لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت

4 گھنٹے قبل
دفتر خارجہ کی لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت

اسلام آباد ( اباسین خبر) دفتر خارجہ نے لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے لبنان میں اسرائیلی حملوں کو سخت الفاظ میں مسترد کیا ہے، جن کے نتیجے میں معصوم جانوں کا ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات خطے کے امن اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور بین الاقوامی قانون و انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے لبنان کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اظہار کیا۔دوسری جانب انتونیو گوتریس نے بھی اسرائیل کی جانب سے لبنان بھر میں بڑے پیمانے پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین سے فوری طور پر کارروائیاں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ان کے بیان کے مطابق ان حملوں میں سیکڑوں شہری، جن میں بچے بھی شامل ہیں، جاں بحق اور زخمی ہوئے جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ لبنان میں جاری فوجی سرگرمیاں جنگ بندی اور خطے میں پائیدار امن کی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد لبنان پر شدید حملے کیے گئے، جن میں دو سو چون افراد جاں بحق اور گیارہ سو سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ مختصر وقت میں سو سے زائد حملے کیے گئے۔امریکی نائب صدر کے مطابق جنگ بندی معاہدے میں لبنان شامل نہیں، جبکہ اسرائیل نے بھی واضح کیا ہے کہ ایران سے ہونے والی جنگ بندی کا اطلاق لبنان پر نہیں ہوتا۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بھی لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔