وزیر خزانہ کی معیشت میں ۴ فیصد سے زائد ترقی کی پیش گوئی، نجکاری سے اربوں ڈالر کمانے کا ہدف

وزیر خزانہ کی معیشت میں ۴ فیصد سے زائد ترقی کی پیش گوئی، نجکاری سے اربوں ڈالر کمانے کا ہدف

Oct 12, 2026|ویب ڈیسک

بنکاک( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت رواں مالی سال میں ۴ فیصد سے زیادہ ترقی کر سکتی ہے، جبکہ حکومت پانچ سے چھ سرکاری اداروں کی نجکاری کے ذریعے ایک ارب ڈالر سے زائد حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔بنکاک میں بلوم برگ ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی اور علاقائی مشکلات کے باوجود پاکستانی معیشت آگے بڑھ رہی ہے اور زرعی شعبہ بھی بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ۱۰ ارب ڈالر کے تبادلہ استحکام فنڈ سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔ ان کے مطابق یہ سہولت ملنے کی صورت میں پاکستان کو نمایاں مدد حاصل ہوگی، تاہم اگر یہ انتظام نہ ہوسکا تو بھی عالمی مالیاتی منڈیوں تک ملک کی رسائی متاثر نہیں ہوگی۔محمد اورنگزیب کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدے کے بعد پاکستان کے لیے ایک ارب ۲۱ کروڑ ڈالر کی مالی معاونت حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے ایندھن کی مناسب مقدار کا بندوبست کرلیا ہے اور ملک کو قلت سے محفوظ رکھنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حکومت مہنگائی کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں تقریباً ۱۲ سرکاری ادارے نجکاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال پانچ سے چھ اداروں کی نجکاری کے ذریعے ایک ارب ڈالر سے زیادہ آمدن حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری اور ہوائی اڈوں کے انتظامی معاملات نجی شعبے کے سپرد کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی میں نجی شعبے کو بنیادی کردار دینا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے نجی سرمایہ کاری بڑھانے اور کاروبار کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔