فیفا ورلڈکپ 2026: تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ، نئی ٹیمیں، نئے قوانین اور فائنل میں ہاف ٹائم شو

3 گھنٹے قبل
فیفا ورلڈکپ 2026: تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ، نئی ٹیمیں، نئے قوانین اور فائنل میں ہاف ٹائم شو

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈکپ 2026 اس بار پہلے سے کہیں زیادہ بڑا اور منفرد ہونے جا رہا ہے، جس میں کئی ایسی تبدیلیاں شامل کی گئی ہیں جو اس سے قبل کسی ورلڈکپ میں نہیں دیکھی گئیں۔سب سے اہم تبدیلی ٹورنامنٹ کے حجم میں اضافہ ہے، جہاں ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کر دی گئی ہے۔ اسی طرح میچز کی تعداد بھی 64 سے بڑھ کر 104 ہو جائے گی، اور اب کسی بھی ٹیم کو ٹائٹل جیتنے کے لیے 7 کے بجائے 8 میچز کھیلنے ہوں گے۔اس ورلڈکپ میں چار ایسی نئی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی جو پہلی بار عالمی فٹبال کے اس بڑے ایونٹ میں شرکت کریں گی۔فیفا ورلڈکپ 2026 تاریخ میں اس لحاظ سے بھی منفرد ہوگا کہ یہ پہلا موقع ہوگا جب ایونٹ کی میزبانی تین ممالک مشترکہ طور پر کریں گے۔مختلف ٹائم زونز اور طویل سفری فاصلے کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ فیفا نے سفر کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تین مختلف ٹائم زونز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم گروپ مرحلے کے بعد ٹیموں کو پانچ ہزار کلومیٹر تک کا طویل سفر بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔شائقین کے لیے بھی یہ ورلڈکپ چیلنجز لے کر آئے گا، کیونکہ تین ممالک میں ہونے والے ناک آؤٹ میچز کے باعث انہیں زیادہ سفری اخراجات اور ویزا مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اس کے علاوہ پہلی بار فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں ہاف ٹائم شو بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں عالمی شہرت یافتہ فنکار میڈونا، شکیرا اور بی ٹی ایس کی پرفارمنس متوقع ہے۔