پشاور میں FIA کی کارروائی، افغان شہریوں کے جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نیٹ ورک بے نقاب

2 گھنٹے قبل
پشاور میں FIA کی کارروائی، افغان شہریوں کے جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نیٹ ورک بے نقاب

پشاور( اباسین خبر) وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کے ذریعے افغان شہریوں کو دستاویزات فراہم کرنے والے ایک منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر FIA پشاور زون کی ہدایت اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل کی نگرانی میں انٹیلیجنس بنیادوں پر کی گئی۔ کارروائی میں ایک ٹیم نے مقامی پولیس کے تعاون سے پشاور کے علاقے تاج آباد میں ایک نجی ہاسٹل پر چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران متعدد افغان شہری موقع پر موجود پائے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بعض افراد نے مبینہ طور پر جعلی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس حاصل کیے، جنہیں بیرون ملک خصوصاً سعودی عرب میں روزگار کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔تحقیقات کے مطابق بعض افراد نے ایجنٹس کو فی کس 25 سے 28 لاکھ روپے تک کی بھاری رقوم ادا کیں تاکہ انہیں جعلی شناختی اور سفری دستاویزات فراہم کی جا سکیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔