اباسین خبر

وفاقی بجٹ 2026-27 آج پیش ہوگا، تنخواہوں و ٹیکس ریلیف کا امکان

وفاقی بجٹ 2026-27 آج پیش ہوگا، تنخواہوں و ٹیکس ریلیف کا امکان

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ آج پیش کرے گی، جس کا مجموعی حجم 17.5 ٹریلین روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے۔رپورٹس کے مطابق بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے اور ٹیکس ریلیف کی مد میں تقریباً 50 ارب روپے تک ریلیف دیے جانے کی توقع ہے، جبکہ ٹیکس ریونیو کا ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بجٹ مسودے اور تنخواہوں و پنشن میں اضافے کی منظوری دی جائے گی، جس کے بعد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق سولر پینلز، اسٹیشنری اشیاء اور اسٹاک مارکیٹ پر ٹیکسوں میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ سولر پینلز پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز واپس لے لی گئی ہے، جبکہ اسٹیشنری اشیاء پر اضافی ٹیکس کی تجویز بھی شامل نہیں کی گئی۔بجٹ میں درآمدی الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد تک بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ ہائبرڈ گاڑیوں پر موجودہ ٹیکس برقرار رہنے کا امکان ہے۔ماحولیاتی پالیسی کے تحت ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ٹیکس ریلیف اور روایتی ایندھن والی گاڑیوں پر کاربن لیوی عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جس سے بڑی گاڑیاں مہنگی جبکہ مقامی الیکٹرک گاڑیاں نسبتاً سستی ہونے کی توقع ہے۔