ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی مہنگی پڑے گی، ایف بی آر کے جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی بورڈ برائے محصولات نے انکم ٹیکس گوشواروں میں غلط معلومات درج کرنے، اثاثے چھپانے اور ریکارڈ میں ردوبدل کرنے والے افراد کے خلاف جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی ملک بھر میں موجود جائیدادوں اور دیگر اثاثوں کا ریکارڈ دستیاب ہے، جس کی مدد سے گوشواروں میں فراہم کردہ معلومات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارہ خودکار نظام کے ذریعے ٹیکس گوشواروں میں درج تفصیلات کا اپنے ریکارڈ سے موازنہ کرے گا۔ اس کے علاوہ معلومات کی تصدیق اور ممکنہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت سے بھی مدد لی جائے گی۔ذرائع کے مطابق گوشواروں میں اثاثے چھپانے یا ریکارڈ میں تبدیلی کرنے پر بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔ تنخواہ دار طبقے کی جانب سے ٹیکس گوشوارے میں غلط معلومات درج کرنے پر تنخواہ کے ۷۵ فیصد تک جرمانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق مقررہ مدت میں جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں روزانہ ایک ہزار روپے اضافی جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ٹیکس گوشواروں میں موجود غلطیوں کی اصلاح کے لیے ۱۵ اکتوبر سے قبل درستگی کی گنجائش موجود ہے۔ ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گوشواروں میں درج آمدن، اثاثوں اور دیگر معلومات کا بغور جائزہ لیں اور کسی بھی غلطی کی بروقت اصلاح یقینی بنائیں۔