ناکام شادی نے مجھے جذباتی طور پر متاثر کیا، کنول فاروق
لاہور ( شوبز ڈیسک) پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر، کنٹینٹ کری ایٹر اور ریئلٹی شو کی سابق شریک کنول فاروق نے اپنی ناکام شادی اور اس کے بعد پیش آنے والے مشکلات بھرے دور کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔کنول فاروق کو ریئلٹی شو ’’تماشا سیزن 4‘‘ میں شرکت کے بعد شہرت ملی، تاہم ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے ایک تکلیف دہ باب کا ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی کامیاب نہ ہو سکی اور اس تجربے نے انہیں جذباتی طور پر گہرے اثرات سے دوچار کیا۔کنول فاروق کے مطابق انہوں نے اپنے سابق شوہر سے اس وقت شادی کی جب ان کے پاس زیادہ مالی وسائل موجود نہیں تھے، یہاں تک کہ ان کے دوستوں نے انگوٹھی کے انتظام میں بھی مدد کی تاکہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے سامنے رشتہ پیش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے شریکِ حیات کی محبت اور وعدوں پر مکمل اعتماد کیا، لیکن بعد میں انہیں شدید دل آزاری کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر یہ رشتہ طلاق پر ختم ہو گیا۔کنول فاروق نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم ماضی کی یادیں آج بھی انہیں جذباتی کر دیتی ہیں۔گفتگو کے دوران وہ کئی مواقع پر آبدیدہ بھی ہوئیں اور بتایا کہ اس تجربے کے بعد کسی نئے رشتے کے بارے میں سوچنا ان کے لیے آسان نہیں رہا۔ان کے انکشافات کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کے لیے ہمدردی اور حمایت کے پیغامات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔