انگلش فاسٹ بولر جان ٹرنر نے 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ لے لی

انگلش فاسٹ بولر جان ٹرنر نے 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ لے لی

Aug 8, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے 25 سالہ فاسٹ بولر جان ٹرنر نے اچانک پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پانچ سالہ کیریئر کا اختتام کر دیا۔جان ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے دو ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز کھیلے تھے، تاہم گزشتہ سال جون سے کمر میں فریکچر کے باعث وہ کسی بھی پیشہ ورانہ میچ میں حصہ نہیں لے سکے۔معاشیات میں گریجویشن کرنے والے جان ٹرنر کے ہیمپشائر کے ساتھ معاہدے میں ابھی دو سال باقی تھے، جبکہ گزشتہ سال کے اختتام تک انہیں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا ترقیاتی معاہدہ بھی حاصل تھا۔ اس کے باوجود انہوں نے کرکٹ کو الوداع کہتے ہوئے کہا کہ اب زندگی میں نئے چیلنج کی جانب بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے ٹرنر نے کہا کہ مسلسل انجریز، خاص طور پر ایک سال سے زائد عرصے تک میدان سے دور رکھنے والی ہڈی کی چوٹ نے انہیں اپنے کرکٹ کیریئر اور میدان سے باہر مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ ان کا خواب رہا اور ہیمپشائر و انگلینڈ کی نمائندگی ان کے بچپن کے خوابوں کی تکمیل تھی، تاہم کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کی زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔جان ٹرنر نے 2021 میں ہیمپشائر کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کلب کے ساتھ گزارے پانچ برسوں کو اپنی زندگی کا بہترین دور قرار دیتے ہوئے انتظامیہ، کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔