معاشی استحکام اولین ترجیح، برآمدات بڑھانے پر توجہ: محمد اورنگزیب

معاشی استحکام اولین ترجیح، برآمدات بڑھانے پر توجہ: محمد اورنگزیب

Oct 6, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے ساتھ برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔نیشنل ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں حکومت کا کردار اہم ہے، ملک کو ذمہ دارانہ اور پائیدار معاشی نمو کی ضرورت ہے اور عالمی معاشی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے پالیسیوں کو آگے بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے لیے معاشی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، جبکہ معاشی استحکام بنیادی ضرورت ہے۔ سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہوگا، مقامی سرمایہ کار متحرک ہوں گے تو بیرونی سرمایہ کاری بھی آئے گی۔وزیر خزانہ کے مطابق پاکستانی کاروباری گروپس اب مشترکہ طور پر کنسورشیم بنا کر کام کررہے ہیں۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5 آئی پی اوز ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال 11 آئی پی اوز ہوئے جو 20 سال کی بلند ترین سطح ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی نقصانات کے فنڈ سے پاکستان کو مطلوبہ معاونت نہیں مل رہی، اس لیے عالمی موسمیاتی فنڈز سے مزید مدد درکار ہے۔ منصوبہ بندی میں موسمیاتی خطرات کو سمجھنے اور ان کی نگرانی پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اداروں کی استعداد بڑھانا ہوگی، جبکہ ایسے منصوبوں میں ’’کیا اور کیوں‘‘ کے ساتھ ’’کیسے اور کون‘‘ کے پہلوؤں پر بھی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔