ٹیم کے مفاد میں سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانا درست ہے:بابر اعظم

ٹیم کے مفاد میں سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانا درست ہے:بابر اعظم

Aug 27, 2026|ویب ڈیسک

لندن( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کسی سینئر کھلاڑی کو آرام دینا کوئی مسئلہ نہیں، پلیئنگ الیون میں وہی کھلاڑی شامل ہوگا جو ٹیم کے لیے زیادہ فائدہ مند ہو۔انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کا کوئی کھلاڑی غیر اہم نہیں ہوتا، بعض اوقات کسی کھلاڑی کا اعتماد بحال کرنے کے لیے بھی اسے موقع دیا جاتا ہے۔انہوں نے بیٹنگ کے دوران اچانک وکٹیں گرنے کے مسئلے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اچھی شراکت کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنا تشویش کا باعث ہے، جس پر ٹیم قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔ بعض اوقات نیا بلے باز میدان میں آتا ہے تو پہلے سے سیٹ کھلاڑی ہی آؤٹ ہوجاتا ہے۔بابر اعظم نے بتایا کہ لارڈز کی پچ پر گھاس موجود ہے، اس لیے حتمی پلیئنگ الیون کا فیصلہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔محمد رضوان سے متعلق سوال پر قومی کپتان نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز پر کوئی دباؤ نہیں اور ٹیم انتظامیہ حالات کے مطابق فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کی ذمہ داری پوری ٹیم پر عائد ہوتی ہے، صرف گیند بازوں سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ مخالف ٹیم کی تمام 20 وکٹیں حاصل کریں جبکہ بلے باز اپنی ذمہ داری پوری نہ کریں۔اپنی فٹنس کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور لارڈز ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان لارڈز میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کی کوشش کرے گا۔واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، جبکہ لارڈز ٹیسٹ پاکستان کے لیے سیریز برابر کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔