ڈھاکا ( سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں تیسرے روز کھیل کے آغاز پر پاکستان کی بیٹنگ لائن نے ایک بار پھر ملا جلا ردعمل دیا۔قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اوپنر اذان اویس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، تاہم وہ 210 رنز کے مجموعی اسکور پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی، اور جلد ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کپتان شان مسعود 9 رنز پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اسی طرح عبداللہ فضل 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم 227 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔اس موقع پر محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 100 سے زائد رنز جوڑے گئے۔میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا تھا، جہاں صرف امام الحق 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 413 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان نجم الحسن شانتو نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ مومن الحق 91 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مشفق الرحیم، لٹن داس اور دیگر بلے بازوں نے بھی نمایاں اسکور کیا تھا۔
ڈھاکا ٹیسٹ: اذان اویس کی سنچری، پاکستان کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی مگر رضوان اور سلمان کی مزاحمت جاری
2 گھنٹے قبل