افغانستان میں تباہ کن سیلاب، 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتا

افغانستان میں تباہ کن سیلاب، 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتا

Jul 21, 2026|ویب ڈیسک

 کابل( مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے شمال مشرقی صوبے نورستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے اچانک سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ حکام کے مطابق مختلف حادثات میں کم از کم 20 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی جبکہ 100 سے زیادہ افراد لاپتا ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پیر کے روز آنے والے سیلابی ریلوں نے صوبائی دارالحکومت پارون اور اس کے گرد و نواح کو بری طرح متاثر کیا۔ تیز بہاؤ اپنے ساتھ مکانات، دکانیں اور دیگر املاک بہا لے گیا، جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا۔افغانستان کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق امدادی اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔مقامی حکام کے مطابق پارون شہر میں دریا کے کنارے قائم بازار مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ جہاں پہلے دکانیں، ہوٹل اور تجارتی سرگرمیاں تھیں، وہاں اب صرف کیچڑ، ملبہ اور بڑے پتھر دکھائی دے رہے ہیں۔سیلاب کے باعث متعدد ہوٹل، درجنوں دکانیں، سڑکیں اور دیگر بنیادی ڈھانچہ بھی شدید متاثر ہوا ہے، جس سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔افغان ڈیزاسٹر ایجنسی نے آئندہ چند روز کے دوران مختلف صوبوں میں مزید بارشوں اور طوفانوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور سیلابی علاقوں سے دور رہنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔نورستان پاکستان سے ملحق پہاڑی صوبہ ہے، جہاں مون سون کے موسم میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات معمول کا حصہ ہیں۔ ماہرین کے مطابق حالیہ سیلاب حالیہ برسوں میں خطے کے بدترین قدرتی سانحات میں شمار کیا جا سکتا ہے۔