سپین میں خوفناک جنگلاتی آگ، 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی

سپین میں خوفناک جنگلاتی آگ، 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Jul 10, 2026|ویب ڈیسک

المیریا( مانیٹرنگ ڈیسک) سپین کے جنوب مشرقی صوبے المیریا کے علاقے لوس گایاردوس میں خوفناک جنگلاتی آگ کے نتیجے میں 12 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔شدید گرمی کی جاری لہر کے باعث سپین، فرانس اور پرتگال کے مختلف علاقوں میں بھی جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی ہے، جس سے کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔اندلس کی علاقائی حکومت کے مطابق آگ سے متاثرہ علاقے سے اب تک 12 افراد کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جن میں بعض افراد اپنی گاڑیوں سمیت آگ کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر ایک ہائی ٹینشن بجلی کی لائن گرنے کے باعث لگی اور تیزی سے قریبی جنگلات تک پھیل گئی، تاہم حکام نے تاحال آگ لگنے کی اصل وجہ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔اندلس کے صدر خوانما مورینو نے اس واقعے کو ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ پورے خطے کے لیے شدید صدمے کا باعث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تقریباً 150 فائر فائٹرز علاقے بیدار میں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔حکام کے مطابق جنگلاتی آگ کے باعث متعدد شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں، جبکہ تقریباً ایک ہزار افراد کو احتیاطی طور پر اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے رواں سال موسم گرما کے آغاز پر اعلان کیا تھا کہ جنگلاتی آگ سے نمٹنے کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ہنگامی آپریشن تعینات کیا جائے گا، جبکہ سپین کی ملٹری ایمرجنسی یونٹ نے بھی متاثرہ علاقے میں امدادی اور آگ بجھانے کی کارروائیوں میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث دنیا بھر میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ یورپ ان خطوں میں شامل ہے جہاں عالمی اوسط کے مقابلے میں درجہ حرارت تقریباً دو گنا زیادہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔