افسران کا حساس ڈیٹا بیرون ملک فروخت کرنے والا سائبر گینگ بے نقاب، 4 گرفتار

9 گھنٹے قبل
افسران کا حساس ڈیٹا بیرون ملک فروخت کرنے والا سائبر گینگ بے نقاب، 4 گرفتار

اسلام آباد( اباسین خبر)اسلام آباد میں پاکستانی سرکاری افسران کا حساس ڈیٹا بیرون ملک فروخت کرنے والا ایک منظم گینگ بے نقاب کر دیا گیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی سید خرم علی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ کارروائی جنوبی پاکستان میں کی گئی، جہاں ایک گروہ افسران سے متعلق حساس معلومات غیر قانونی طور پر حاصل کر کے فروخت کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد کال ریکارڈز، شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر ذاتی و حساس معلومات تک غیر قانونی رسائی حاصل کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان میں ارشد طارق، ارحم باری، انعم صابر اور محمد رضوان شامل ہیں۔حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز کا فرانزک تجزیہ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی نشاندہی بھی جاری ہے۔ڈی جی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ڈیٹا غیر ملکی عناصر کو بھی فراہم کیا جا رہا تھا، جو ایک سنگین سائبر سکیورٹی خطرہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا تک رسائی فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، جبکہ تمام اداروں کو اپنے نظام کو مزید محفوظ بنانے اور غیر مجاز رسائی روکنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔