اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان کسٹمز نے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کے تحت بڑے مالی فراڈ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔کسٹمز حکام کے مطابق ادریس ٹیکسٹائل ملز میں ڈیوٹی فری درآمدی کپاس کی غیر قانونی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ کے دوران پانچ لاکھ چوالیس ہزار کلوگرام کپاس اسٹاک سے غائب پائی گئی، جس کی مالیت 47 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے، جبکہ ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں 11 کروڑ 65 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔حکام کے مطابق کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت مالکان، ڈائریکٹرز اور دیگر ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ لاہور میں کارروائی کے دوران ملزم کاشف عمران کو گرفتار کیا گیا، جس پر ڈیوٹی فری درآمدی سامان کی غیر قانونی فروخت میں معاونت کا الزام ہے۔پاکستان کسٹمز نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قومی خزانے کے تحفظ اور تجارتی سہولتوں کے غلط استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، اور اس نوعیت کے ریونیو فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کسٹمز کارروائی: ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم میں 11 کروڑ سے زائد فراڈ کا انکشاف، ملزم گرفتار
واپس خبروں پر
Category:
تجارت