کرکٹ آسٹریلیا کی کھلاڑیوں کو ملکی لیگ ترجیح دینے کی ہدایت
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کو غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگز کے بجائے ملکی لیگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میچل مارش اور میٹ شارٹ نے جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے معاہدہ کر رکھا ہے، تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق دونوں کھلاڑی بگ بیش لیگ میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد ہی جنوبی افریقا کی لیگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ میچل مارش اور میٹ شارٹ بگ بیش لیگ کے مکمل ایڈیشن کے لیے دستیاب رہیں گے اور اپنی ملکی لیگ سے وابستگی مکمل ہونے کے بعد انہیں جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان میچل مارش اور میٹ شارٹ پہلی مرتبہ جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں حصہ لیں گے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ 17 جنوری سے شروع ہوگی جبکہ بگ بیش لیگ 12 دسمبر سے 26 جنوری تک کھیلی جائے گی۔