کاسمیٹک پروسیجرز قدرتی خوبصورتی کو متاثر کر سکتے ہیں، نادیہ خان
لاہور ( شوبز ڈیسک) پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے کاسمیٹک طریقۂ علاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض اوقات یہ طریقے چہرے کی فطری خوبصورتی پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ایک مارننگ شو میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے نادیہ خان نے کہا کہ کاسمیٹک پروسیجرز کروانے سے قبل بہت سے افراد اس خدشے کا شکار ہوتے ہیں کہ کہیں ان کے چہرے پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔انہوں نے بھارتی اداکاراؤں ایشوریا رائے اور کترینہ کیف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق مبینہ کاسمیٹک پروسیجرز کے بعد ان کی قدرتی خوبصورتی میں کچھ تبدیلی محسوس کی گئی۔نادیہ خان نے کہا کہ بعض اوقات کاسمیٹک طریقۂ علاج کے بعد چہرہ اپنی سابقہ حالت میں واپس نہیں آتا، جبکہ انہوں نے چہرے میں آنے والی اس تبدیلی کے حوالے سے ’’پلو فیس‘‘ کی اصطلاح کا بھی ذکر کیا۔اس موقع پر پروگرام میں موجود ماہرِ جمالیات نے وضاحت کی کہ چہرے کے ہر حصے میں فلرز کا استعمال ضروری نہیں ہوتا اور ضرورت سے زیادہ فلرز استعمال کرنے سے چہرے کے خدوخال متاثر ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں چہرہ غیر فطری طور پر بڑا یا سوجا ہوا دکھائی دے سکتا ہے۔ماہرِ جمالیات کے مطابق چہرے کے ڈھیلے پن یا حجم میں تبدیلی کو صرف فلرز کے ذریعے مکمل طور پر درست نہیں کیا جا سکتا، جبکہ ان کے غیر ضروری یا زیادہ استعمال سے چہرے کی ساخت میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔