لنکا پریمیئر لیگ میں شاہین آفریدی کو ڈراپ کرنے پر تنازع

لنکا پریمیئر لیگ میں شاہین آفریدی کو ڈراپ کرنے پر تنازع

Jul 27, 2026|ویب ڈیسک

کولمبو( سپورٹس ڈیسک) لنکا پریمیئر لیگ ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آ گئی، جہاں پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو میچ سے اچانک باہر کیے جانے کے معاملے نے نئی بحث چھیڑ دی۔ذرائع کے مطابق کینڈی رائلز کی ٹیم مینجمنٹ نے کولمبو کیپس کے خلاف میچ سے قبل شاہین آفریدی کو آگاہ کیا تھا کہ وہ امپیکٹ پلیئر کے طور پر میدان میں اتریں گے، تاہم میچ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ ٹیم شیٹ میں غلطی کے باعث ان کا نام امپیکٹ پلیئر کے طور پر شامل ہی نہیں کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق کینڈی رائلز نے پہلے بیٹنگ کی اور اننگز کے دوران کوچ نے شاہین آفریدی سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے تجزیہ کار کی غلطی کے باعث ان کا نام ٹیم شیٹ میں درج نہیں ہو سکا۔اس صورتحال پر شاہین آفریدی نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے سے لیگ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکار کو بھی آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پاکستان واپس آنے کا فیصلہ بھی کر لیا تھا۔معاملہ میچ ریفری کے نوٹس میں آنے کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور لیگ منتظمین نے شاہین آفریدی سے معذرت کی، جس کے بعد وہ ایونٹ میں رکنے پر آمادہ ہو گئے۔واضح رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ کے آغاز سے قبل بھی جافنا کنگز کے بھارتی مالک منجوت کارلا کو میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد لیگ منتظمین نے اس فرنچائز کے حقوق واپس لے لیے تھے اور اب اس ٹیم کے انتظامات سری لنکا کرکٹ سنبھال رہی ہے۔دوسری جانب لیگ کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی کو میچ سے باہر رہنا پڑا کیونکہ میچ ریفری کو غلط ٹیم شیٹ جمع کرائی گئی تھی۔یاد رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کے محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر اور عاکف جاوید بھی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ پاکستانی امپائر آصف یعقوب بھی لیگ میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔