اسلام آباد( اباسین خبر) یوم دستور کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انیس سو تہتر کا آئین قومی وحدت کی علامت ہے اور یہی دستاویز ریاست کو بنیادی قانونی اور سیاسی ڈھانچہ فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ آئین طویل مشاورت اور اتفاق رائے کا نتیجہ تھا اور اس کی متفقہ منظوری ہی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ ان کے مطابق مختلف چیلنجز کے باوجود آئین نے ریاستی تسلسل کو برقرار رکھا اور اداروں کی بحالی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا۔صدر مملکت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو آئین انیس سو تہتر کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف ادوار میں سیاسی جماعتوں نے اس کا دفاع کیا، جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت جمہوری نظام کی بحالی کی بنیاد بنا اور آئین عدالتوں، تعلیمی اداروں اور انتظامی ڈھانچے کی سمت متعین کرتا ہے۔ ان کے مطابق آئین کا نفاذ عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے اور عوام ہی اپنے مستقبل کے اصل مالک ہیں۔آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ آئین کی اصل اہمیت اس کے مخلصانہ نفاذ میں ہے اور ایک مضبوط جمہوری نظام کے لیے اس پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔
آئین قومی وحدت کی علامت ہے:یوم دستور پر صدر زرداری کا پیغام
2 گھنٹے قبل