کوئٹہ ویسٹ میں گداگری کے خلاف جامع کریک ڈاؤن کا فیصلہ
کوئٹہ ( اباسین خبر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی زیر صدارت ضلع میں گداگری کے خاتمے اور عوامی مقامات پر شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کوئٹہ ویسٹ علی درانی، ایڈمنسٹریٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سمی اللہ بگٹی، اسسٹنٹ کمشنر پنچپائی عبدالقیوم بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف عمار بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کبیر مزاری شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران شہر کے مختلف عوامی مقامات، خصوصاً بازاروں، ہوٹلز، تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور دیگر مصروف علاقوں میں گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے فیصلہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ ویسٹ اور محکمہ سوشل ویلفیئر مشترکہ طور پر گداگری کے خلاف جامع کریک ڈاؤن شروع کریں گے، جو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام اہم عوامی مقامات کی نشاندہی کرکے وہاں مربوط اور مؤثر کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔