سٹی کورٹ کا فیصلہ: کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

2 گھنٹے قبل
سٹی کورٹ کا فیصلہ: کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

کراچی( اباسین خبر)سٹی کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت نے یہ فیصلہ 2019 کے اس واقعے پر سنایا جس میں بارش کے دوران ایک شہری شیخ سعد احمد بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے بچہ بچاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے تھے۔درخواست گزار کے وکیل کے مطابق علاقے کے مکینوں نے پہلے ہی کھمبے میں کرنٹ کی شکایت کی تھی، تاہم اس کے باوجود ادارے کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔دوسری جانب کے الیکٹرک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ متعلقہ کھمبا ان کے ادارے کی ملکیت نہیں تھا اور اس پر دیگر نجی تاریں بھی لگی ہوئی تھیں، جبکہ کرنٹ کا اخراج ممکنہ طور پر نجی جنریٹر کی لائنوں سے ہوا۔عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ عوامی مقامات پر بجلی کے نظام کی حفاظت متعلقہ ادارے کی ذمہ داری ہے، اور کسی بھی قسم کی غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔عدالت کے مطابق انسانی جان بچانے کی کوشش کو غفلت قرار نہیں دیا جا سکتا، اور متوفی شہری نے ایک بچے کی جان بچانے کی کوشش میں اپنی جان دی۔عدالت نے کے الیکٹرک کو حکم دیا ہے کہ وہ 90 روز کے اندر ہرجانے کی رقم ادا کرے۔