چین کا آبدوز سے اسٹریٹجک میزائل کا کامیاب تجربہ، خطے میں تشویش کی لہر

چین کا آبدوز سے اسٹریٹجک میزائل کا کامیاب تجربہ، خطے میں تشویش کی لہر

Jul 6, 2026|ویب ڈیسک

بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے آبدوز سے اسٹریٹجک میزائل کے کامیاب تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی معمول کی فوجی تربیت کا حصہ تھی، تاہم آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جاپان نے اس پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔چینی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق تجرباتی میزائل ایک فرضی وارہیڈ سے لیس تھا، جو بحرالکاہل میں پہلے سے مقرر کردہ مقام پر کامیابی سے گرا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کے مطابق انجام دیا گیا، جبکہ متعلقہ ممالک کو پیشگی اطلاع بھی فراہم کر دی گئی تھی۔چین کے مطابق اس میزائل تجربے کا مقصد کسی مخصوص ملک یا ہدف کو نشانہ بنانا نہیں تھا، بلکہ یہ معمول کے دفاعی تربیتی پروگرام کا حصہ تھا۔جاپان نے کہا ہے کہ اسے اس تجربے کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا، تاہم ٹوکیو نے بیجنگ سے اس معاملے پر دوبارہ غور کرنے کی درخواست بھی کی۔ دوسری جانب آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ اگرچہ چین نے پیشگی اطلاع دی تھی، لیکن طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات خطے کے استحکام کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آسٹریلیا نے بحرالکاہل میں واقع جزیرہ ملک فجی کے ساتھ دفاعی تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جسے خطے میں بدلتی ہوئی تزویراتی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ادھر نیوزی لینڈ نے بھی اس تجربے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز کا کہنا ہے کہ جوہری صلاحیت رکھنے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے مثبت پیش رفت نہیں سمجھا جا سکتا۔