کراچی ( کامرس ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز آغاز ہی پر سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی بہتری دیکھنے میں آئی اور ہنڈرڈ انڈیکس بارہ ہزار سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ چونسٹھ ہزار پانچ سو چورانوے کی سطح تک پہنچ گیا، جس کے بعد شدید تیزی کے باعث ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کر دیا گیا۔کاروبار بحال ہونے پر بھی مثبت رجحان برقرار رہا اور دن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس چودہ ہزار ایک سو سینتیس پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ پینسٹھ ہزار آٹھ سو گیارہ کی سطح پر بند ہوا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس چار سو پینسٹھ پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ اکیاون ہزار چھ سو تہتر پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب جنگ بندی کے اعلان کے بعد دیگر ایشیائی منڈیوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ جاپان کی مارکیٹ میں پانچ فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہانگ کانگ اور چین کی منڈیوں میں بھی بالترتیب تین اور دو فیصد تک تیزی دیکھی گئی۔اسی طرح فلپائن، تھائی لینڈ اور ملائیشیا کی سٹاک مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان سامنے آیا، جہاں ایک سے دو فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے خطے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری ظاہر ہوتی ہے۔