کینیڈین ہاکی ٹیم کا پاکستان دورہ، دوطرفہ سیریز کی راہ ہموار

کینیڈین ہاکی ٹیم کا پاکستان دورہ، دوطرفہ سیریز کی راہ ہموار

Aug 14, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق کینیڈا کی ہاکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے پر اصولی رضامندی ظاہر کردی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ ہاکی سیریز کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی۔پی ایچ ایف کے مطابق کینیڈین ہاکی فیڈریشن اپنی قومی ٹیم اور متعلقہ حکام کے ہمراہ پاکستان آنے پر تیار ہے۔ کینیڈین ٹیم کا دورہ آئندہ سال جنوری یا فروری میں متوقع ہے۔فیڈریشن کا کہنا ہے کہ دورے کی حتمی تاریخ، میچوں کی تعداد اور دیگر انتظامات دونوں ممالک کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے۔ کینیڈین ہاکی حکام نے پاکستان کی میزبانی اور یہاں کی ہاکی روایات میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔پی ایچ ایف کے مطابق مزید تین ممالک کی ہاکی ٹیموں کے پاکستان دورے کے لیے بھی مذاکرات جاری ہیں، جبکہ ان میں سے تین ٹیموں کی رواں سال کے اختتام یا آئندہ سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران پاکستان آمد متوقع ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ملک میں باقاعدہ بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں اور دوطرفہ بین الاقوامی ہاکی سیریز کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔