اباسین خبر

بجٹ میں عوامی ریلیف، معیشت میں بہتری کے آثار مو جود ہیں: وفاقی وزیر اطلاعات

بجٹ میں عوامی ریلیف، معیشت میں بہتری کے آثار مو جود ہیں: وفاقی وزیر اطلاعات

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، برآمد کنندگان اور کاروباری شعبے کو نمایاں ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔آن لائن بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ گزشتہ بجٹوں سے مختلف اور ریلیف پر مبنی ہے، جس میں مختلف طبقات کو معاشی سہولتیں دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان کے مطابق بعض حلقے محض تنقید برائے تنقید کرتے ہیں، تاہم مخالف سیاسی رہنما بھی اس بجٹ کے بعض پہلوؤں کو سراہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بعض سیاسی رہنما ملک کے دیوالیہ ہونے کی پیش گوئیاں کرتے رہے، جبکہ اس وقت معیشت شدید دباؤ کا شکار تھی، زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر تھے، درآمدات کے لیے وسائل محدود تھے اور شرح تبادلہ غیر مستحکم تھی۔ اسی دوران مہنگائی بھی بلند سطح پر پہنچ چکی تھی۔عطاء اللہ تارڑ کے مطابق شرح سود بھی بلند سطح پر تھی اور ترسیلات زر میں کمی کے باعث معاشی صورتحال مزید مشکل ہو گئی تھی، جبکہ بعض سرکاری شخصیات کو بھی ملک کے ممکنہ معاشی بحران کا خدشہ تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ان حالات میں معیشت کو سنبھالا، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام کے لیے اقدامات کیے گئے اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوتے تو ملک کو سنگین معاشی خطرات لاحق ہو سکتے تھے، تاہم حکومت نے استحکام حاصل کیا اور دو سال کی مسلسل کوششوں کے بعد عوام کو ریلیف دینے کی گنجائش پیدا کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی محصولات کے ادارے میں اصلاحات کی گئی ہیں، سفارش کلچر ختم کیا گیا ہے اور ٹیکس نظام کو شفاف اور میرٹ پر مبنی بنایا گیا ہے۔