بلاول کی زیر صدارت اجلاس، آزاد کشمیر انتخابات کی حکمت عملی پر غور
اسلام آباد( اباسین خبر)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر امور کی انچارج فریال تالپور، قائم مقام صدر چودھری لطیف اکبر، وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری محمد یاسین سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کریں اور انتخابی مہم کو منظم انداز میں آگے بڑھائیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرکے ترقی، خوشحالی، فلاح و بہبود، گڈ گورننس اور شفافیت کے عمل کو مزید مؤثر بنائے گی۔انہوں نے رہنماؤں اور کارکنان پر زور دیا کہ عوام سے رابطے مضبوط کیے جائیں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے اور یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔