برطانوی ادارے بی آئی آئی کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)برطانوی انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی) نے پاکستان میں نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری اور فنانسنگ بڑھانے کا اعلان کردیا۔وزارت خزانہ کے مطابق بی آئی آئی کے وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔وفد نے پاکستان کو اہم سرمایہ کاری کی منزل قرار دیتے ہوئے آنے والے برسوں میں یہاں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ بی آئی آئی کے مطابق آئندہ 5 سال کے دوران ایشیا اور افریقا میں 2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ملاقات میں پاکستان کے انفرااسٹرکچر اور کلائمیٹ فنانس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ قابلِ تجدید توانائی اور بجلی کی ترسیل کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر بھی غور ہوا۔اعلامیے کے مطابق ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کے لیے فنانسنگ بڑھانے، پرائیویٹ ایکویٹی اور پرائیویٹ کریڈٹ کے فروغ سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ سرمایہ کاری کے لیے نئے کیپٹل مارکیٹ آلات متعارف کرانے اور موجودہ رئیل اسٹیٹ اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے امکانات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔