بنگلا دیش میں شیخ حسینہ اور خاندان کے 6.2 ارب ڈالر کے اثاثے ضبط
بنگلا دیش( مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلا دیشی حکام نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد، ان کے خاندان اور متعدد کاروباری گروپوں سے منسلک 6 ارب 20 کروڑ امریکی ڈالر (تقریباً 760 ارب ٹکا) مالیت کے اثاثے ضبط کرنے کا اعلان کیا ہے۔حکام کے مطابق ضبط کیے گئے اثاثے شیخ حسینہ، ان کے قریبی اہل خانہ اور 10 بڑے کاروباری گروپوں سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ بنگلا دیش کے اندر اور بیرونِ ملک موجود بعض دیگر اثاثوں کو بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی عوامی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹائے جانے اور بھارت روانگی کے بعد شیخ حسینہ کے مالی معاملات اور اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق تحقیقات کا دائرہ ان کے قریبی رشتہ داروں اور ان بڑے کاروباری گروپوں تک بھی وسیع کیا گیا، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے شیخ حسینہ کے 15 سالہ دورِ حکومت میں غیر معمولی مالی فوائد حاصل کیے تھے۔