بابر اعظم نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے موجودہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں سابق کپتان عمران خان کا اہم ریکارڈ برابر کر دیا۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے دو میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کی، جس میں بابر اعظم کی کارکردگی نمایاں رہی۔بابر اعظم نے سیریز کی چار اننگز میں 193 رنز بنائے، ان کی اوسط 96.50 رہی اور وہ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز قرار پائے۔انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بابر اعظم نے 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ آخری اننگز میں 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے۔سیریز کے اختتام پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا جبکہ مجموعی طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں 10واں پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ ہے۔ اس سے قبل وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 5 اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 4 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔اس کامیابی کے ساتھ بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ برابر کر لیا ہے۔سابق کپتان وقار یونس 9 ایوارڈز کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔