بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز فتح کا کریڈٹ ٹیم کو دے دیا
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہا ہے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کی جیت ہمیشہ اطمینان کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ اور اسپنرز کی عمدہ بولنگ کو کامیابی کی اہم وجوہات قرار دیا۔قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پچ کا جائزہ لینے کے بعد کوچ کے ساتھ مشاورت سے ٹیم میں چار تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ وکٹ انہیں پاکستان کی پچ جیسی محسوس ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سیریز سے پہلے لگایا گیا تربیتی کیمپ بھی کھلاڑیوں کی تیاری میں مددگار ثابت ہوا۔دوسری جانب 184 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے عبداللہ شفیق نے کہا کہ واپسی کے بعد انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ اپنے کیریئر کا دوبارہ آغاز کر رہے ہوں۔عبداللہ شفیق نے کہا کہ گزشتہ چند ٹیسٹ میچز میں بیٹنگ شعبہ توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکا تھا، اسی لیے وہ اس موقع کے منتظر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تمام تر توجہ پاکستان کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر مرکوز تھی۔