آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے نوجوان اسکواڈ کا اعلان کر دیا، سینئر بولرز کو آرام

2 گھنٹے قبل
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے نوجوان اسکواڈ کا اعلان کر دیا، سینئر بولرز کو آرام

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے، جس میں کئی اہم اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تجربہ کار فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ ان کھلاڑیوں کو آرام دینے کا مقصد اگست میں شروع ہونے والی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مہم کی تیاری بتایا گیا ہے۔پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں مچل مارش ٹیم کی قیادت کریں گے۔پاکستان کے خلاف 30 مئی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی نے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم کے کپتان اولیور پیک اور آل راؤنڈر لیام اسکاٹ پہلی بار قومی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ اس کے علاوہ رائیلی میریڈتھ اور بلی اسٹین لیک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا ہے کہ نوجوان اور نئے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ میں مواقع دینا مستقبل کی مضبوط ٹیم بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔