ارشد ندیم کا لوزین ڈائمنڈ لیگ میں شرکت سے انکار، جنوبی افریقا میں ٹریننگ کریں گے

ارشد ندیم کا لوزین ڈائمنڈ لیگ میں شرکت سے انکار، جنوبی افریقا میں ٹریننگ کریں گے

Aug 14, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( سپورٹس ڈیسک) اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور پاکستان کے اسٹار جیولین تھرور ارشد ندیم نے بیرونِ ملک تربیت کی وجہ سے رواں ماہ ہونے والی لوزین ڈائمنڈ لیگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق کامن ویلتھ گیمز کے بعد ارشد ندیم نے مقابلوں میں حصہ لینے کے بجائے بیرونِ ملک تربیت پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ارشد ندیم کا نام 21 اگست کو ہونے والی لوزین ڈائمنڈ لیگ کی ابتدائی فہرست میں شامل تھا، تاہم اب وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے اور تربیتی کیمپ کے لیے جنوبی افریقا روانہ ہوں گے۔اولمپئن اس سے قبل بھی جنوبی افریقا کے شہر پوچفسٹروم میں دو مرتبہ تربیت حاصل کرچکے ہیں۔ وہ وہاں دو ہفتے کی تیاری کے بعد ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ 6 سے 14 ستمبر تک بوڈاپسٹ میں منعقد ہوگی، جس کے بعد ارشد ندیم ایشین گیمز میں شرکت کریں گے۔ارشد ندیم ویزا ملنے کے بعد پہلی دستیاب پرواز سے جنوبی افریقا روانہ ہوں گے۔ فی الحال وہ لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں بھرپور تربیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔