عباس عراقچی آج عمان روانہ، علاقائی صورتحال اور آبنائے ہرمز پر بات چیت ہوگی

عباس عراقچی آج عمان روانہ، علاقائی صورتحال اور آبنائے ہرمز پر بات چیت ہوگی

Jul 11, 2026|ویب ڈیسک

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر بات چیت کے لیے ہفتے کے روز ایک اعلیٰ سطحی سفارتی وفد کے ہمراہ عمان کا دورہ کریں گے، جہاں آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی مذاکرات کا اہم محور ہوگی۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی اپنے عمانی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی پیش رفت اور بالخصوص آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے شیڈول یا مجوزہ ملاقاتوں سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔یاد رہے کہ جون کے وسط میں ایران اور امریکا نے پاکستان کی ثالثی میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد فوجی کشیدگی کا خاتمہ اور ایک پائیدار امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا بتایا گیا تھا۔بعد ازاں آبنائے ہرمز میں تین تجارتی جہازوں پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی اور دونوں ممالک کے درمیان جوابی حملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔رپورٹس کے مطابق تہران نے امریکی کارروائیوں کے ردعمل میں بحرین، کویت، قطر اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا، جس کے بعد خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔