انعم عزیر نے 100 کلومیٹر گلیات الٹرا میراتھون جیت لی
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کی مہم جو، کوہ پیما اور ٹریل رنر انعم عزیر نے ملک میں منعقد ہونے والی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت کر ایک نئی کامیابی اپنے نام کر لی۔دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اور جنگلی حیات کے خطرات سے بھرپور اس کٹھن مقابلے میں انعم عزیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انعم عزیر نے اپنی کامیابی پاکستان کی تمام خواتین، بالخصوص خواتین رنرز کے نام کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی منفرد اور مشکل چیلنجز قبول کر کے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش جاری رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ انہیں ابتدا ہی سے اندازہ تھا کہ اس مقابلے میں متعدد مشکلات اور خطرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق گلیات کے پہاڑی علاقوں میں خراب موسم، آسمانی بجلی اور جنگلی حیات جیسے خطرات ہر وقت موجود رہتے ہیں۔انعم عزیر نے بتایا کہ مقابلے سے قبل 40 کلومیٹر کی ٹرائل رن کے دوران انہیں اپنے راستے پر تقریباً 200 فٹ کے فاصلے پر ایک تیندوا نظر آیا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے اپنے خوف پر قابو پا لیا اور اعتماد کے ساتھ چیلنج مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی ٹریننگ ان کے معمول کا حصہ ہے اور اچھی جسمانی فٹنس ہر فرد کے لیے ضروری ہے، چاہے وہ کسی مقابلے میں حصہ لے یا نہ لے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند زندگی کے لیے ورزش اور تربیت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔